سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

پرنس سلطان ایئربیس میں سعودی فضائیہ کے علاوہ اتحادی افواج بھی بڑی تعداد میں تعینات ہیں

پرنس سلطان ایئربیس میں سعودی فضائیہ کے علاوہ اتحادی افواج بھی بڑی تعداد میں تعینات ہیں

سعودی عرب کی ایک اہم ایئر بیس کو بیلسٹک میزائل حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے جو معجزانہ طور پر ناکام ثابت ہوئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ الخرج کے قریب واقع شہزادہ سلطان ایئر بیس کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم میزائل ایئر بیس تک پہنچنے سے پہلے ہی غیر آباد علاقے میں جا گرا۔

بیان میں کہا گا ہے کہ ایئربیس پر ناکام میزائل حملے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ایئر بیس اور اس کے اطراف تمام تنصیبات محفوظ ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

سعودی حکام کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں اور فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ علاقے کی نگرانی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ میزائل کے ملبے کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تاحال سعودی وزارتِ دفاع نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ بیلسٹک میزائل کس ملک یا گروہ کی جانب سے فائر کیا گیا تھا۔ البتہ میزائل کے ملبے کی جانچ پڑتال کرائی جائے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ میزائل کہاں سے داغا گیا اور اس کا ہدف کیا تھا۔

یاد رہے کہ شہزادہ سلطان ایئر بیس سعودی عرب کی اہم ترین فوجی تنصیبات میں شمار ہوتا ہے جہاں سعودی فضائیہ کے علاوہ اتحادی افواج بھی تعینات رہتی ہیں۔ اسی وجہ سے یہ ایئر بیس خطے میں جاری کشیدگی کے دوران حساس اہداف میں شامل سمجھا جاتا ہے۔

اسرائیل اور امریکی حملوں میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد سے ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈّوں اور تنصیبات کو میزائل اور ڈرونز حملوں کا نشانہ بنانا شروع کیا ہے جس میں اب تک 6 امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

Load Next Story