لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کی چوکی پر میزائل حملے؛ 2 اہلکار شدید زخمی

گزشتہ روز بھی حزب اللہ نے اس چوکی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 3 اسرائیلی اہلکار زخمی ہوگئے تھے

حزب اللہ کے اسرائیلی چیک پوسٹ پر حملے میں 2 اہلکار شدید زخمی

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے میزائل حملے میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمی اہلکار گیواتی بریگیڈ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق جمعے کی سہ پہر ایک فوجی چوکی کو کئی اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

حملے کے چند ہی منٹ بعد اسرائیلی فوج نے اس کارروائی میں ملوث حزب اللہ کے ایک گروپ کو فضائی حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اسی فوجی چوکی کو نشانہ بنایا ہے جس پر ایک روز قبل بھی حملہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ حملے میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

اسرائیلی فوج کے بقول پیر سے شروع ہونے والی تازہ جھڑپوں کے بعد سے اب تک حزب اللہ کے حملوں میں تیرہ اسرائیلی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے درجنوں راکٹ اور ڈرون اسرائیلی علاقوں کی جانب داغے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جواب میں جنوبی لبنان میں زمینی اور فضائی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد حزب اللہ کو سرحدی علاقوں سے پیچھے دھکیلنا اور شمالی سرحد پر سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔

 

Load Next Story