لاہور: تیز رفتاری کے باعث کار حادثہ، لڑکی جاں بحق
فوٹو: ایکسپریس نیوز
والٹن روڈ سی بی ڈی فلائی اوور کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہونے کے باعث سڑک پر لگے جنگلے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ دیگر 3 لڑکیاں زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق سی بی ڈی حادثے میں جاں بحق لڑکی کی شناخت مونا کے نام سے ہوئی ہے اور زخمیوں میں علیشبا، سجل اور فاطمہ شامل ہیں اور زخمی لڑکیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ریسکیو 1122 نے بتایا کہ حادثے میں تین شدید زخمی لڑکیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لاہور جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ایک خاتون موقع پر دم توڑ گئی، جن کی لاش کو بھی لاہور جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کہا کہ زخمیوں کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے جبکہ واقعے کی وجوہات اور محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔