پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کل ہوگا، نرخ زیادہ ہوںگے یا کم؟ کچھ نہیں کہہ سکتے، وزرا
فوٹو: فائل
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان کل کیا جائے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین ہوگا، پیٹرول مہنگا ہوگا یا نہیں؟ فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ پاکستان کروڈ آئل خلیجی ممالک سے درآمد کرتا ہے، آبنائے ہرمز سے کروڈ آئل 4 سے 5 دن میں پہنچتا ہے، سعودی عرب یانبو سے پاکستان کو تیل فراہم کرے گا، سعودی عرب سے کروڈ آئل 15 سے 20 روز میں پاکستان پہنچے گا-
علی پرویز ملک نے کہاکہ پی این ایس کے دو جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں، سعودی عرب سے تیل بردار جہاز عمان پہنچے گا، ریفائنریز 15 سے 20 روز میں تیل کی سپلائی کرنے کے قابل ہو سکیں گی، تیل کی درآمد کے لیے جہاز نہیں مل رہے، اگر کوئی جہاز مل جائے تو اس کی انشورنس نہیں مل پا رہی-
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت 78 ڈالر سے بڑھ کر 120 ڈالرز تک پہنچی، اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2022ء کی طرح طے کرنی ہیں تو خسارہ کون برداشت کرے گا؟
قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے، آئی ایم ایف کے مطابق جنگ کے پاکستان کی معیشت پر اثرات کو دیکھا جا رہا ہے، اگر جنگ طویل ہوئی تو بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ بڑھے گا، اس جنگ کی وجہ سے ترسیلات زر متاثر ہوسکتی ہیں۔