تیسرا ون ڈے: پاکستان کی کمار دھرماسینا کے متنازع فیصلے پر میچ ریفری سے شکایت
پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف میرپور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کے دوران ایک متنازع فیصلے پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے میچ ریفری کے سامنے آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا کے اس فیصلے پر اعتراض اٹھایا جس میں بنگلادیش کو آخری اوور کی دوسری آخری گیند پر ایل بی ڈبلیو ریویو لینے کی اجازت دی گئی۔
پاکستانی ٹیم کا مؤقف ہے کہ بنگلادیش نے یہ ریویو اس وقت لیا جب اس گیند کا ری پلے اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر دکھایا جا چکا تھا۔
قواعد کے مطابق کسی ٹیم کو ریویو لینے کا فیصلہ ری پلے دکھائے جانے سے پہلے کرنا ہوتا ہے تاکہ اس سے فیصلہ متاثر نہ ہو۔
پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ریویو 15 سیکنڈز کی مقررہ مدت کے بعد لیا گیا جبکہ نشریات میں ٹائمر بھی نظر نہیں آیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کو جیت کے لیے دو گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔
رِشاد حسین کی گیند لیگ سائیڈ پر گئی جسے امپائر نے وائیڈ قرار دیا، تاہم ریویو کے بعد ہاک آئی میں گیند بلے کے نچلے حصے سے لگتی دکھائی دی جس کے باعث وائیڈ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
بعد ازاں شاہین آفریدی آخری گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے اور بنگلہ دیش نے 11 رنز سے میچ اور 1-2 سے سیریز جیت لی۔
پی سی بی کم از کم اس معاملے پر باضابطہ وضاحت چاہتا ہے۔