کراچی: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ٹوپی گینگ کے 7 ملزمان گرفتار

ملزمان سندھ بھرمیں 900 سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں، ترجمان رینجرز

فوٹو: فائل

کراچی:

سندھ رینجرز نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ٹوپی گینگ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرزنے خفیہ معلومات کی بنیاد پرکورنگی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل چوری اور جیب تراشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ٹوپی گینگ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں محمد ظفر ولد محمد اسلم، ساجن ولد سانگی خان، محمد وقارولد غلام رسول، دانیال ولد محمد اسحاق، شاہ زیب ولد محمد بابر، شاہد ولد محمد شفیع اورمحمد اسماعیل ولد محمد شفیع شامل ہیں جن کے قبضے ایک بغیر لائسنس پستول بمع گولیاں، 2 کھلونا پستول، 8 موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان 2018 سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری، موٹر سائیکل چھیننے اور جیب تراشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان سندھ بھرمیں 900 سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں۔

گرفتارملزمان کا نیٹ ورک اندرون سندھ، سکھراورکندھ کوٹ، روہڑی کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں قائد آباد، بھینس کالونی، منزل پمپ اور بلال کالونی سمیت بڑی سڑکوں پر مسافروں سے لوٹ مار، ڈکیتیوں، اسٹر یٹ کرائمز اور گھروں میں وارداتیں کرنے میں ملوث تھا۔

ملزمان کراچی شہر میں چلنے والی بسوں میں مسافروں سے جیب تراشی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزم محمد ظفر کو ڈکیتی کی واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

 گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز بھی درج ہیں، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں گرفتارملزمان کو بمع اسلحہ اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

Load Next Story