سعودیہ، قطر اور امارات میں تیل تنصیبات کے قریب رہنے والے فوری علاقہ خالی کردیں؛ ایران

اسرائیل کے گیس فیلڈ پر حملے کے جواب میں خلیجی ممالک میں آئل تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے، ایران

پیٹرول 200 ڈالر فی بیرل تک جائے گا؛ ایران کی دھمکی

اسرائیل نے ایران میں واقع دنیا کے سب سے بڑے گیس فیلڈ پر فضائی حملہ کیا ہے جس پر پاسداران انقلاب نے سخت ردعمل دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے خلیجی ممالک میں غیرملکی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں تیل اور گیس کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے خاص طور پر سعودی عرب کی سامرف ریفائنری اور جبیل پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو ہدف بنانے کی بات کی ہے۔ 

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے الحسن گیس فیلڈ اور قطر میں پیٹروکیمیکل پلانٹس اور ایک ریفائنری کو بھی ممکنہ اہداف میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات میں تیل کی تنصیبات کے قریب رہنے والے لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ان ممالک میں پانچ تیل کی تنصیبات کے اردگرد رہنے والوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے ذریعے شہریوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے ان علاقوں کو چھوڑ دیں اور محفوظ فاصلے پر چلے جائیں۔

یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ایران نے بتایا کہ اس کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ اور اس سے منسلک تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے۔

اسرائیل نے ان تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق بھی کی ہے متاثرہ مقام پر فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

 

Load Next Story