عمران خان، بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط
فوٹو: فائل
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے عیدالفطر کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں اہل خانہ کی ملاقاتوں کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں نشان دہی کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ اس وقت اڈیالہ جیل میں زیر حراست ہیں اور ان سے اہل خانہ کی ملاقاتوں کے حوالے سے معاملہ پہلے بھی اٹھایا جاتا رہا ہے تاکہ قانونی تقاضوں اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں اپنے خط میں کہا ہے کہ عیدالفطر ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جس کے موقع پر خاندان اور قریبی اہل خانہ سے ملاقات کا حق دیا جانا چاہیے، جو زیر حراست افراد کا قانونی حق بھی ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں کے احکامات اور جیل مینوئل کے قواعد کے باوجود قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔
سہیل آفریدی نے خط میں پاکستان پریزن رولز 1978 اور پریزنز ایکٹ 1894 کی متعلقہ شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات، انسانی سلوک اور مناسب طبی سہولیات فراہم کرنا قانونی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے وزیراعظم کو متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کا اظہار کیا ہے تاکہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ان کے اہل خانہ سے ملاقات کا قانون کے مطابق حق دیا جاسکے۔