قومی اسمبلی کے 25ویں اجلاس سے متعلق رپورٹ، وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی عدم شرکت پر سوالات اٹھ گئے
فوٹو فائل
غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی اسمبلی کے 25ویں اجلاس کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں ارکان اور وزراء کی حاضری پر سوالات اٹھا دیے۔
فافن کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک اجلاس میں بھی شریک نہ ہوئے جبکہ وفاقی وزرا کی بھی عدم شرکت رہی اور اراکین کی بھی عدم دلچسپی حاضری کاتناسب کم رہا۔
رپورٹ کے مطابق 3 سے 12 مارچ 2026 تک جاری رہنے والے اجلاس کے 7 سیشنز میں صرف 18 فیصد ارکان مکمل حاضری دے سکے، جبکہ 333 میں سے صرف 60 ارکان تمام اجلاسوں میں شریک ہوئے۔
فافن کے مطابق 13 فیصد ارکان (42 ایم این ایز) ایک بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے، جبکہ 82 فیصد ارکان کم از کم ایک اجلاس سے غیر حاضر رہے۔
حاضری کی صورتحال
فافن رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے اجلاس میں سب سے زیادہ 239 ارکان (72 فیصد) شریک ہوئے، جبکہ چوتھے اجلاس میں حاضری انتہائی کم ہو کر صرف 120 ارکان (36 فیصد) رہ گئی۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ اراکین کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہ رہی صرف ایک وفاقی وزیر مکمل حاضری دے سکا
6 وزراء ایک بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے
غیر حاضر وزراء میں 5 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت شامل ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ایک بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے، اپوزیشن لیڈر نے 7 میں سے 6 اجلاسوں میں شرکت کی اور پارلیمانی امور میں دلچسپی کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق سوال و جواب کے سیشن میں وزرا کی عدم دلچسپی بھی سامنے آئی، جہاں 22 میں سے صرف 6 وزراء موجود رہے۔اسی طرح کالنگ اٹینشن نوٹس کے دوران بھی صورتحال مایوس کن رہی، جہاں 4 میں سے صرف ایک وزیر شریک ہوا جبکہ 3 وزراء مکمل طور پر غیر حاضر رہے۔