پہلا ون ڈے ہاشم آملا نے زمبابوے کو تختہ مشق بنالیا

بیٹسمین کے 122 ناٹ آؤٹ، پروٹیز 93 رنز سے کامیاب، ڈی کاک اور ڈوپلیسی کی ففٹیز

بولا وایو: زمبابوے کیخلاف پہلے ون ڈے جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملا ایکشن میں، انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

ہاشم آملا نے زمبابوین بولنگ اٹیک کو تختہ مشق بنالیا، ناقابل شکست سنچری جڑ کر پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے فتح دلادی۔

310 رنز کا تعاقب کرنے والی میزبان سائیڈ 216 پر آؤٹ ہوئی، ہیملٹن مساکیڈزا اور سین ولیمز کی ففٹیز بھی کسی کام میں نہیں آئیں، ایرون فانگیسو اور عمران طاہر نے تین تین وکٹیں لیں۔ اس سے قبل پروٹیز نے 3 وکٹ پر 309 رنز بنائے، آملا 122 پر ناٹ آؤٹ رہے، کونٹین ڈی کاک اور فاف ڈو پلیسی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔


تفصیلات کے مطابق زمبابوے کو 310 رنز ہدف کے تعاقب کے آغاز میں دھچکا لگا جب اس کے تین کھلاڑی 34 رنز پر پویلین واپس پہنچ گئے، ووسی سبانڈا کو پارنیل نے وکٹ کیپر ڈی کاک کی مدد سے قابو کیا، انھوں نے 7 رز بنائے، موتمبامی 13 رنز پر میکلرین کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، برینڈن ٹیلر (6)فانگیسو کی گیندپر ملر کا کیچ بنے، ہیملٹن مساکیڈزا نے 61 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم پارنیل کی گیند پر ڈو پلیسی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

ان کا ساتھ دینے والے سین ولیمسن 51 رنز پر عمران طاہر کی وکٹ بن گئے، کیچ ڈو پلیسی نے تھاما، کپتان ایلٹن چگمبرا نے فانگیسو کی گیند پر ملر کا کیچ بننے سے پہلے 36 رنز بنائے، باقی کھلاڑی خاطر خواہ حصہ نہیں ڈال پائے، سیکنڈ لاسٹ گیند پر پوری ٹیم 216 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 3 وکٹ پر 309 رنز بنائے، اوپنر ہاشم آملا نے 132 بالز پر 122 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، ڈی کاک 63 اور ڈوپلیسی 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Load Next Story