راولپنڈی؛ اپنی شادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن گرفتار

دلہن کی ہوائی فائرنگ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا گیا، پولیس

فوٹو: فائل

راولپنڈی:

پولیس نے تھانہ مندرہ کی حدود میں اپنی شادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن کو گھر پر ریڈ کرکے گرفتار کرلیا جبکہ دلہا فرار ہوگیا، فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے دلہا اور دلہن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق دلہن ثناء شبیر کی ہوائی فائرنگ کی اطلاع مخبر نے دی تھی، ریڈنگ پارٹی نے چھاپا مارا تو تھانہ مندرہ کے علاقے گوڑھا میں لڑکی کو پسٹل 30 بور سمیت گرفتار کرلیا، پولیس نے موقع سے پانچ خول اور پسٹل میں لوڈڈ چار گولیاں بھی برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق دلہا شہریار علی پولیس کو دیکھ کر موقع سے فرار ہوگیا، دلہن نے انکشاف کیا کہ پسٹل اس کے شوہر کا ہے، ابتدائی تفتیش میں ملزمہ پسٹل کا کوئی لائسنس پیش نہیں کرسکی، پولیس نے ہوائی فائرنگ، ناجائز اسلحہ رکھنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جو کہ اے ایس آئی وسیم کی مدعیت میں درج ہوا ہے۔

پولیس نے برآمد ہونے والی پسٹل، گولیاں اور خول کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے لاہور لیبارٹری بھجوا دیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم دلہا کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Load Next Story