کراچی، شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی تابڑ توڑ کارروائیاں
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ 11 زخمیوں سمیت 12 کوگرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع سینٹرل کے علاقے لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل آخری اسٹاپ کے قریب پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت ولی اللہ اور طحہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی، جو سی پی ایل سی ریکارڈ کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن سے چوری شدہ نکلی۔
زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ادھر ضلع ویسٹ کے علاقے سرجانی ٹاؤن زیرو پوائنٹ پر شاہین فورس اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور 2023 میں دوران ڈکیتی ایک شہری کے قتل میں بھی ملوث رہا۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔ دوسری جانب ضلع ساؤتھ کے علاقے بوٹ بیسن میں اتوار بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔
پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں نائک محمد، قاسم، زوار حسین اور سعید احمد شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں ضلع ویسٹ کے تھانہ مومن آباد کے علاقے سیکٹر 11 میں پولیس نے چھ رکنی ڈکیت گینگ سے مقابلہ کیا، جس میں چار زخمی ملزمان سمیت 5 کو گرفتار جبکہ ایک فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سلمان، عباس، عمر صدیق اور رحمت شامل ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی جبکہ زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔