کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق، 6 زخمی
فوٹو: مقتول سعد
شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت، ذاتی رنجش اور لڑائی جھگڑوں پر فائرنگ کے واقعات میں نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ناظم آباد 5 نمبر پاپوش نگر بڑا میدان کے قریب اپوا اسپتال کے عقب میں قائم سعد جنرل اسٹور پر مسلح ملزم نے فائرنگ کرکے دکان میں موجود شہری کو قتل کردیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، مقتول کی شناخت 16 سالہ سعد ولد عمران کے نام سے کرلی گئی۔
ایس ایس کی سینٹرل عمران خان کے مطابق مقتول سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں ہوئی پولیس کو دکان سے مقتول کا موبائل فون اور کیش کاؤنٹر سے نقدی بھی ملی ہے۔ جائے وقوعہ پر کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملزم انتہائی قریب سے سینے پر گولی مار کر قتل کی واردات کی ہے جس کے باعث مقتول کے سینے پر گولی لگنے کے مقام پر کالا نشان بھی موجود ہے۔
ڈی ایس پی ناظم آباد کمال نسیم نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعے کے وقت سعد اپنے والد کے جنرل اسٹور پر بیٹھا ہوا تھا۔ مقتول سے کسی قسم کی کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی۔ موقع پر کسی نے فائرنگ کی آواز بھی نہیں سنی۔ دکان پر ایک شہری خریداری کرنے پہنچا تو سعد کو فرش پر زخمی دیکھا تھا۔
فوری طور پر جائے وقوعہ سے گولی کا کوئی خول نہیں مل سکا، کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں جبکہ ورثا اور محلے کے رہائشیوں کے بیانات قلمبند کئے جارہے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق سعد 6 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا، اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا، واردات کے دوران مقتول کا موبائل فون سمیت کیش لوٹا گیا۔
منگھوپیر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
منگھوپیر کے علاقے پختون آباد فارق آعظم مسجد ک قریب گلی نمبر 4 میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 33 سالہ نور محمد ولد غلام محمد کے نام سے کی گئی، واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
پیر آباد کے علاقے منگھو پیر کنواری کالونی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب لڑائی جھگڑے کے دوران ڈنڈے اور چھری کے وار سے 3 افرد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ مومن خان ولد امیر اسلم، 22 سالہ انظمام ولد رضوان اور 18 سالہ نعمان ولد سیف کے ناموں سے کی گئی۔
نارتھ ناظم آباد کے علاقے کے ڈی اے سے بورڈ آفس کی جانب جاتے ہوئے لائف لائن اسپتال کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا، زخمی شخص کی شناخت 24 سالہ عذیر ولد زاہد کے نام سے کی گئی، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی آئل ریفائنری کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 36 سالہ انور ولد طور بادشاہ کے نام سے کی گئی ، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔
مدینہ کالونی کے علاقے ختم نبوت روڈ بلدیہ نمبر 4 میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی نوجوان کی شناخت 20 سالہ یاسر ولد یاسین کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔