کھیل کے ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، کپتان حیدرآباد کنگزمین

مجھے پاکستانی کھانے خاص طور پر چکن کڑاہی، پراٹھا اور نان بہت پسند ہیں، لبوشین

حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا ہے کہ ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اچھا آغاز درکار ہے، کھیل کے ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے آسٹریلوی اسٹار نے ’ایکسپریس ڈیجیٹل‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ یہ ایک بہت اچھا تجربہ رہا ہے۔

مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کنگزمین ایک نئی ٹیم ہے، تمام کھلاڑیوں کے ساتھ جان پہچان بڑھانا اور ایک ساتھ سفر جاری رکھنا بہت خوشگوار ہے، میں ابھی پلیئرز کے انداز کھیل کو بہتر طور پر سمجھ رہا ہوں، یہ عمل میرے لیے نہایت دلچسپ ہے، ہماری ٹیم کے لیے یہ سیزن بہت سنسنی خیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی 2 میچز ہمارے لیے منصوبے کے مطابق نہیں گزرے لیکن کئی مثبت پہلو موجود ہیں، جیسے جیسے ہم ایونٹ میں آگے بڑھیں گے کارکردگی مزید بہتر ہوتی رہے گی، ہمارے لیے اصل بات اعتماد پیدا کرنا اور ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھنا ہے۔

کپتان نے کہا کہ ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اچھا آغاز درکار ہے، جب ہم خود کو مضبوط پوزیشن میں لا کر مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالیں گے تو میچ جیتنے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گے، ہمیں محنت جاری رکھتے ہوئے درست طریقے سے تیاری کرنی ہے، ساتھ میدان میں اعتماد کے ساتھ صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے کھیلنا ہے۔

بولنگ کی کمزوری کے بارے میں سوال پر لبوشین نے کہا کہ ہم ابتدائی 2 میچز میں اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھا سکے، صرف بولنگ نہیں بلکہ ہمارے کھیل کے ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

لبوشین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کپتانی کے پہلے تجربے میں کئی چیلنجز ہیں، سب سے اہم بات کھلاڑیوں کو سمجھنا، ان کی صلاحیتوں کو جاننا اور میدان میں مدد کرنا ہے، پی ایس ایل مختلف ممالک کے کھلاڑیوں سے ملنے اور سیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔

معاذ اور صائم ایوب کو بہتر کھیل پیش کرنے کیلیے اعتماد دینا ہے

صائم ایوب کی فارم کے بارے میں سوال پر لبوشین نے کہا کہ ابھی اس بارے میں بات کرنا جلدی ہوگی، مختصر طرز کی کرکٹ میں ہر کھلاڑی چند اننگز میں ناکام ہو سکتا ہے، پھر وہ اگلے میچز میں اچھی کارکردگی دکھاتا ہے۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کارکردگی میں کمی کی بات نہیں کر رہے بلکہ اس بات پر توجہ دے رہے ہیں کہ کون کتنی اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے، ہم ابتدائی میچز میں بطور ٹیم مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں ہو سکے، اب تک کسی بھی بیٹرنے بڑی اننگز نہیں کھیلی جس کی وجہ سے ہم اس پوزیشن میں ہیں، امید ہے کہ ہم سب ایک ساتھ بہتر کارکردگی پیش کرتے ہوئے اچھا اسکور بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں پاکستان کے 2 بہترین نوجوان اوپننگ بیٹرز معاذ صداقت اور صائم ایوب موجود ہیں، ہمیں انہیں اعتماد دینا ہے تاکہ وہ بہتر کھیل پیش کریں، ان کی اچھی کارکردگی سے باقی ٹیم بھی فائدہ اٹھا کر حریف پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

لبوشین نے مزید کہا کہ میں نے معاذ کو صرف پریکٹس اور ایک میچ میں دیکھا ہے، وہ باصلاحیت کھلاڑی لگتے ہیں، میں ان کی عمدہ کارکردگی دیکھنے کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔

ابتدائی میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں، بہتری لانا ہے

مارنس لبوشین نے کہا کہ میں ابتدائی میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، 26 اور 23 رنز میرے معیار کے مطابق نہیں ہیں، میں یہاں اپنی ٹیم کو جتوانے اور حریف بولرز پر دباؤ ڈالنے کے لیے آیا ہوں، مجھے اپنی کارکردگی مزید بہتر بناتے ہوئے اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنا ہے تاکہ ہم مضبوط پوزیشن حاصل کر سکیں۔

جب کراؤڈ موجود نہ ہو تو میچ کا ماحول کچھ کم محسوس ہوتا ہے

تماشائیوں کی عدم موجودگی کے بارے میں سوال پر نے لبوشین نے کہا کہ جب زیادہ کراؤڈ موجود نہ ہو تو میچ کا ماحول کچھ کم محسوس ہوتا ہے، البتہ اس سے ٹیم کے اندر بات چیت آسان اور حکمت عملی بنانا سہل ہوتا ہے۔

گلین میکسویل جلد کراچی میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے

لبوشین نے کہا کہ گلین میکسویل جلد کراچی میں ٹیم کو جوائن کریں گے، ہم طے کریں گے کہ وہ کس میچ میں دستیاب ہوں گے، سینئر بیٹر ٹیم کے لیے ایک بہترین اضافہ ثابت ہوں گے۔

پاکستانی کھانے، خاص طور پر چکن کڑاہی، پراٹھا اور نان بہت پسند ہیں

لبوشین اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ تجربہ کافی حد تک پہلے ہی جیسا محسوس ہوتا ہے، ہم زیادہ وقت ہوٹل میں گزارتے ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی ہمیشہ بہت اچھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ میں کئی آسٹریلوی کھلاڑیوں کی موجودگی سے ماحول مانوس لگتا ہے، مجموعی طور پر میرا تجربہ بہت مثبت رہا۔

لبوشین نے کہا کہ مجھے پاکستانی کھانے خاص طور پر چکن کڑاہی، پراٹھا اور نان بہت پسند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کئی پاکستانی کرکٹرز میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، بابر اعظم ہمیشہ سے عالمی معیار کے کھلاڑی رہے ہیں، ان سے کھیل کے بارے میں بات کرنا اور تجربات سے سیکھنا بہت دلچسپ ہوتا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story