کراچی؛ مکسچر ٹرک کی ٹکر سے سڑک کی صفائی پر مامور خاکروب لڑکی شدید زخمی
(فوٹو: فائل)
اسکیم 33 سمیرا چوک کے قریب تیز رفتار مکسچر ٹرک کی ٹکر سے سڑک پر صفائی پر مامور خاکروب لڑکی شدید زخمی ہو گئی، پولیس نے ٹرک کو تحویل اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کے علاقے اسکیم 33 سمیرا چوک کے قریب تیز رفتار مکسچر ٹرک نے سڑک کی صفائی پر مامور خاکروب لڑکی کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ لڑکی کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی خاکروب لڑکی کی شناخت 17 سالہ عائزہ دختر کشن کے نام سے کی گئی۔ واقعے کے بعد موقع پر موجود علاقہ مکینوں نے مکسچر ٹرک کو گھیرے میں لے لیا، اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پا لیا۔
ایس ایچ او سچل امین کھوسہ کے مطابق متاثرہ لڑکی سڑک کے کنارے بیٹھی ہوئی تھی کہ تیز رفتار مکسچر ٹرک بے قابو ہو کر اس سے جا ٹکرایا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مکسچر ٹرک کو تحویل میں لے لیا اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔