راولپنڈی سے اغوا بچہ خیبرپختوںخوا سے بازیاب، خاتون اور افغان شہری گرفتار

بچہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ ملزمان اٹھاکر لے گئے، پولیس نے دو ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کرکے ٹریس کیا

فوٹو: فائل

راولپنڈی:

پیرودھائی سے اغوا ہوئے ڈھائی سالہ بچے کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر خیبر پختونخوا سے بحفاظت برآمد کرکے خاتون اور اس کے ساتھی افغان باشندے کو گرفتار کرلیا، ملزمہ نے اپنی بے اولاد بھابھی کے لیے رکشا ڈرائیور کے بچے کو اغوا کرنے کا بھی اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ پیرودہائی کے علاقے فوجی کالونی میں اڑھائی سالہ بچہ اپنی بہن کے ساتھ گلی میں کھیل رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان اسے اغوا کر کے فرار ہو گئے، اطلاع ملتے ہی سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

پولیس ترجمان کے مطابق اغوا کی واردات کے بعد ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کے ٹھکانے تک پہنچنے کے لیے 2 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کی گئی، دونوں ملزمان کو خیبرپختونخواہ سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے بچے کو بحفاظت بازیاب کروایا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں مرد و خاتون شامل ہے، شادی شدہ خاتون نے اپنے آشنا ساتھ مل کر بچے کو اغوا کیا، آشنا افغان باشندہ ہے، افغان باشندہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا اور چوری و رہزنی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بھی ہے، گرفتار افغان باشندے کو دو مرتبہ پاکستان سے ملک بدر بھی کیا گیا لیکن وہ کوئٹہ کے راستے دوبارہ پاکستان آگیا۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے بچے کی بازیابی کے بعد خود جاکر اسے والدین کے حوالے کیا۔ اس دوران اہل علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور پولیس کے حق میں نعرے بازی کی اور پولیس افسران و اہلکاروں پر گل پاشی کرنے سمیت ہار بھی پہنائے گئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو باضابطہ گرفتار کرلیا ہے، آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔

Load Next Story