کراچی: کم عمر ڈرائیور ڈی آئی جی کے سامنے پولیس کو چکمہ دے کر فرار، ویڈیو وائرل
غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف جاری مہم کے دوران کلفٹن تین تلوار پر پولیس کے مشترکہ ناکے پر ڈی آئی جی ٹریفک کے سامنے کم عمر لڑکا قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے فرار ہوگیا، گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں غیرمنظور شدہ نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف مہم جاری ہے، کلفٹن تین تلوار پرپولیس کے مشترکہ ناکے پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے سامنے 16سالہ کم عمر لڑکے نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے کم عمر لڑکے کو پولیس لائٹ لگانے اور رش ڈرائیونگ کرنے پر روکا گیا تھا، کم عمر لڑکا پہلے گاڑی سے اترا، غصہ کیا اور واپس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر تیز ڈرائیونگ کرتے اور سگنل توڑتے ہوئے فرار ہوگیا جبکہ ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس اہلکار کم عمر لڑکے کو روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔