آئی سی سی کی اہم بیٹھک ایڈنبرا میں ہو گی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اہم بیٹھک ایڈنبرا میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگ کیلیے ایڈنبرا کی منظوری حالیہ آن لائن بورڈ اجلاس میں دی گئی ہے۔
8 سے 11 جولائی تک میٹنگ کی صدارت جے شاہ کریں گے،میٹنگ کا انعقاد ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے فوراً بعد ہوگا۔
میگا ایونٹ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ امکان ہے کہ فائنل دیکھنے کے لیے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں موجود آئی سی سی اراکین براہِ راست لندن سے اسکاٹ لینڈ روانہ ہوں گے۔
سالانہ اجلاس میں اہم معاملات پر مشاورت ہوگی، مختلف ایشوز زیر بحث آئیں گے اور کئی اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا آئی سی سی کے 17 رکنی بورڈ کے لیے ایسوسی ایٹ ممبران میں سے 3 ڈائریکٹرز کا انتخاب ہوگا، جن کی مدت 2 سال ہوگی۔
ڈائریکٹرز کے لیے متوقع امیدواروں میں اسٹیفن موسیل، روڈی وان وورین، نیل اسپیٹ، سنکر رینگاناتھن، گرومورتھی پالینی، مبشر عثمانی، مہندا والیپورم اور عمران خواجہ شامل ہوسکتے ہیں۔
انتخاب میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس میں مختلف ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندے حصہ لیں گے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ دوحہ، قطر میں 25 سے 27 مارچ کے درمیان ہونا تھی تاہم خطے میں جنگی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا جس کے بعد اجلاس آن لائن منعقد کیا گیا۔