کراچی، شہر میں پولیس مقابلے، 5 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار، 3 ساتھی فرار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، پولیس

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں 5 زخمی بھی شامل ہیں، جبکہ 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں رحمانیہ موڑ کے قریب مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، جن میں زخمی ملزم واصف حسین کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم رحمت اللہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

دوسری کارروائی پاک کالونی کے علاقے میں کی گئی جہاں پولیس کا بدنام زمانہ بلال پپو گروپ کے کارندوں سے مبینہ مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں عقیل، فرید، عبدالواحد اور پیر محمد عرف مامو شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے، جبکہ گرفتار افراد سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

اسی طرح اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 12 میں ایک اور مقابلے کے دوران ایک ڈاکو سعید جیری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔

Load Next Story