کراچی: سائٹ ایریا میں کیبل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا
سائٹ ایریا میں کیبل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 7 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سائٹ انڈسٹریل ایریا کی کیبل فیکٹری میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب آگ لگی تھی جسے بجھانے کیلئے ابتدائی طور پر کے ایم سی کی تین گاڑیاں روانہ کی گئیں تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مذید 4 فائرٹینڈر موقع پر روانہ کردیے گئے۔
آگ لگنے کی اطلاع بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 4 بجے موصول ہوئی تھی، چار گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ کنٹرول میں آگئی تھی تاہم مزید تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل دو سے تین گھنٹوں تک جاری رہا۔
فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہوگی، آگ لگنے کی اطلاع پر کے الیکٹرک کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا تھا اور عمارت کی بجلی منقطع کردی، آگ کی شدت سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم آتش زدگی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، مالی نقصان کا فوری طور پر تخمیہ نہیں لگایا جا سکا۔