کراچی سے دشمنی کا مطلب پاکستان سے دشمنی ہے، خالد مقبول

پاکستان کا سب سے امیر شہر سب سے غریب ہے مگر پورے ملک کو پال رہا ہے، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان

کراچی:

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی سے دشمنی کا مطلب پاکستان سے دشمنی ہے، جنہوں نے ملک بنایا وہی اسے چلا سکتے ہیں۔

گورنمنٹ علامہ اقبال اسکول کیمپس میں فائف اے سائیڈ ہاکی گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں خال مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے زیادہ امیر شہر سب سے غریب ہے۔ کراچی جنگ کے لیے تیار ہے، ہمارا ہتھیار قلم رہے گا۔ عوامی خدمت ہمارا اشعار ہے۔ کراچی دنیا کا واحد شہر ہے جو پورے ملک کو پال رہا ہے۔ کراچی کا امن، خوشحالی، سلامتی اور بقا سب سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنے کھوئے ہوئے مقام کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ کراچی شہر چیرٹی کا دارالحکومت ہے۔ شہر نہ رہا تو توڑنے والوں کو پتہ چل جائے گا۔ کراچی سے دشمنی کا مطلب پاکستان سے دشمنی ہے۔ جنہوں نے ملک بنایا وہی اسے چلا سکتے ہیں، ہم جاگیردارانہ سوچ کا حصہ نہیں۔

خالد مقبول نے کہا کہ سیاست میں کھیل کو جوتوں کی نوک پر رکھتے ہیں۔ قومی ہاکی سے کراچی کو الگ کرنا درست نہیں۔ ہاکی میں کراچی سے زیادتی کوئی نئی بات نہیں۔ کراچی میں پی ایس ایل 11 کے میچز انعقاد خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اچھی بات ہے۔ قوم کو کفایت شعاری کرنا ہوگی۔ پاکستان میں تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔ زیر تعلیم ہر پانچ میں سے چار بچے تعلیمی شعور سے نابلد ہیں۔

 

Load Next Story