کراچی میں شہری کھلے نالے میں گر کر جاں بحق
فوٹو ایکسپریس نیوز
شہر قائد کے علاقے نپیئر لی مارکیٹ تانگہ اسٹینڈ کے قریب ایک شخص نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا ، متوفی لیاری سیفی لین کا رہائشی تھا ۔
تفصیلات کے مطابق نپیئر کے علاقے لیمارکیٹ سے متصل سبزی مارکیٹ تانگہ اسٹینڈ کے قریب ایک شخص نالے میں گرا جس کے بعد ایدھی کے بحری رضاکار موقع پر پہنچے اور سرچ آپریشن کیا۔
ایدھی کے رضاکاروں نے نالے میں گرنے والے شخص کی لاش نکال لی جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایدھی کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ یاسین ولد خدا بخش کے نام سے ہوئی جو متوفی لیاری کے علاقے بغدادی سیفی لین کا رہائشی تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق متوفی کہیں سے بھاگتا ہوا آیا اور نالے میں چھلانگ لگا دی جبکہ متوفی کے بڑے بھائی مولیٰ بخش نے بتایا کہ متوفی سیفی لین سی بلاک گلی نمبر ایک کا رہائشی اور غیر شادی شدہ اور اُس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یاسین نے خودکشی نہیں کی بلکہ حادثاتی طور پر نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔