کراچی، حساس ادارے اور کسٹم حکام کا کریک ڈاؤن، لاکھوں لیٹر ڈیزل برآمد
شہر قائد میں وفاقی حساس ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا ہزاروں لیٹر ڈیزل برآمد کرلیا، جبکہ متعدد ڈمپنگ پوائنٹس کو سیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حساس ادارے نے اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پور اور کیماڑی کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے ماڑی پور ٹرک اڈہ اسٹریٹ نمبر 5 اور ماجد کالونی کیماڑی میں چھاپے مارے۔
ماڑی پور میں کارروائی کے دوران 3 ٹینکس اور 40 ڈرمز سے تقریباً 12 ہزار لیٹر ڈیزل برآمد کیا گیا۔حکام کے مطابق وہاں ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش 15 ہزار لیٹر بتائی گئی۔
دوسری کارروائی میں مجید کالونی سے 3200 سے 3500 لیٹر ڈیزل برآمد ہوا، جہاں مجموعی گنجائش 6 ہزار لیٹر سے زائد تھی۔
مذکورہ مقام "شاہین آئل ٹریڈرز" کے نام سے چلایا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق دونوں مقامات ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل اور پارکو پائپ لائن کے تیل کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں استعمال ہو رہے تھے، جنہیں سیل کردیا گیا۔
سول لائن میں وفاقی حساس ادارےنے اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز اور کسٹمز انفورسمنٹ کے ساتھ گزری مارکیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے "النور سی کاسل" ڈمپنگ پوائنٹ سے تقریباً 10 ہزار 700 لیٹر ڈیزل برآمد کیا، جبکہ اس مقام کی مجموعی گنجائش 25 ہزار لیٹر تھی۔
بعد ازاں اس ڈمپنگ پوائنٹ کو بھی سیل کردیا گیا۔۔ کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ حب ریور روڈ پر کارروائی کے دوران "سکندرِ اعظم پیٹرولیم سروس" کے نام سے قائم غیر قانونی ڈمپنگ پوائنٹ سے 17 ہزار لیٹر سے زائد ڈیزل برآمد کیا گیا۔
کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے تیل اور متعلقہ سامان قبضے میں لے لیا جبکہ پیٹرول پمپ کے مالک جانشیر خان اور عمر کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈاکس کے علاقے لاگری گولا اسلامیہ کانٹا کے قریب کارروائی میں 5700 لیٹر ڈیزل برآمد کیا گیا جبکہ 60 ہزار لیٹر گنجائش رکھنے والی تنصیب کو سیل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اجازت 10 ہزار لیٹر کی تھی مگر یومیہ 50 سے 60 ہزار لیٹر ڈیزل فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ موقع سے متعدد ڈرمز اور ڈیزل سے بھرے پک اپ بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
مزید برآں کورنگی کے علاقے ناصر کالونی میں ایک غیر قانونی پیٹرول پمپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں ایرانی پیٹرول کی ملاوٹ اور فروخت کی اطلاعات تھیں۔
کارروائی کے دوران عملہ فرار ہوگیا تاہم پیٹرول پمپ کو سیل کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔