کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق 2 افراد زخمی 

پاپوش نگر کے علاقے چاندنی چوک، عمر مسجد کے قریب 74 سالہ نصیر ولد محمد عزیز اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوا

کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ سعید آباد میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سعید آباد میں علی چوک کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے تقریباً 30 سالہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایچ او پرویز کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پاپوش نگر کے علاقے چاندنی چوک، عمر مسجد کے قریب 74 سالہ نصیر ولد محمد عزیز اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ لیاری کے علاقے عثمان پارک کے قریب 28 سالہ نعمان ولد نذیر احمد بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہوا۔

زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں نعمان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

Load Next Story