سندھ بھر میں اسکول وینز کے کرائے بڑھانے پر پابندی عائد
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے اسکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافے پر پابندی عائد کردی ہے۔ پرائیویٹ اسکولز اور والدین کی جانب سے چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ ٹرانسپورٹ چارجز برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے روکنے کے لیے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام تعلیمی اداروں کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔اسکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرانسپورٹ، دونوں پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اسکولوں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا لازمی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تمام وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومت کو جمع کرائی ورنہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوسکتی ہے۔