پی ایس ایل: پہلا مرحلہ مکمل، دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول 14 میں سے 13 میچز کھیلے گئے جبکہ ایک بارش کی نذر ہوگیا۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر ملتان سلطانز کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔
کراچی کنگز 6، اسلام آباد یونائیٹڈ 5 اور لاہور قلندرز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری سے چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
پشاور زلمی 3 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن ہے۔
ایونٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی راولپنڈیز 4 اور حیدرآباد کنگزمین 3 میچز کھیل کر صفر پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں۔
بلے بازوں میں ملتان سلطانز کے صاحبزادہ فرحان 232 رنز بناکر پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے سمیر منہاس 180 رنز بناکر دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز 158 رنز بناکر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے ہوگا۔
دوسرے مرحلہ 19 اپریل تک جاری رہے گا جس میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
21 اپریل سے تیسرے مرحلے میں کراچی اور لاہور دونوں جگہ بتدریج میچز شیڈول ہیں۔