بھارت میں رن آؤٹ تنازع پر امپائر کو قتل کردیا گیا

تین ٹیموں کے درمیان جاری میچ میں رن آؤٹ کے فیصلے پر جھگڑا ہوا تھا، پولیس

بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران معمولی تنازع جان لیوا ثابت ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران رن آؤٹ تنازع پر امپائر ڈولا اجیت بابو کو قتل کردیا گیا جبکہ قاتل موقع سے فرار ہوگیا۔

 یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شام تین ٹیموں کے درمیان جاری میچ میں رن آؤٹ کے فیصلے پر جھگڑا ہوا جسے امپائر اجیت بابو اور ان کے ساتھی بڈوموری چیرنجیوی نے وقتی طور پر ختم کرا دیا۔

تاہم ایک تماشائی کانتا کشور اس معاملے پر مشتعل ہوگیا اور بدتمیزی کرنے لگا۔

بعد ازاں اس نے امپائروں کو معاملہ سلجھانے کے بہانے بلایا۔ میچ ختم ہونے کے بعد جب وہ موقع پر پہنچے تو دوبارہ تلخ کلامی ہوئی اور ملزم نے اچانک چاقو نکال کر حملہ کر دیا۔

اجیت بابو شدید زخمی ہوکر دم توڑ گئے جبکہ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ اہل خانہ کے مطابق ملزم نشے میں تھا اور پہلے سے حملے کا منصوبہ بنا چکا تھا۔

Load Next Story