ایران امریکا جنگ بندی؛ کامیاب سفارتکاری پر پی ٹی آئی کی حکومتی کردار کی تعریف

جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں، تحریک انصاف

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پی ٹی آئی کی جانب سے ایران امریکا جنگ بندی میں کامیاب سفارت کاری پر حکومتی کردار کی تعریف کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی امید رکھتی ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جنگیں صرف تباہی اور جانی نقصان لاتی ہیں، جن سے گریز کرنا ہی دانشمندی ہے۔

پارٹی کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتکاری اور ڈائیلاگ ناگزیر ہیں۔ پی ٹی آئی نے جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے تمام فریقین اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں دیرپا امن پر زور دیا ہے۔

سلمان اکرم راجا کی گفتگو

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بطور ریاست کسی فرد واحد پر منحصر نہیں ہے۔ پاکستان کا ایک آئینی رول ہے۔ خطے میں امن لانے کے لیے ہم پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کی بات چیت

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمیں نہیں بتایا تھا کہ وہ کس قسم کی ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم ایران امریکا سیز فائر کو ویلکم کرتے ہیں ۔ امید ہے یہ سیز فائر مستقل رہے گا اور توقع ہے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم ہوگا۔

Load Next Story