کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 1 ڈاکو ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار

ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان مقابلوں میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق گلبرگ پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 12 ندی کنارے کارروائی کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جسے ریسکیو کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ملزم کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

اسی طرح خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت محمد عامر کے نام سے ہوئی اور اسے بھی عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گگھر پھاٹک کے قریب کارروائی کے دوران ایک اور مقابلہ کیا، جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

زخمی ملزم کو جناح اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت ایاز علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائم سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

دوسری جانب شادمان 14B امام زین العابدین امام بارگاہ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ

Load Next Story