پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی سے کاروبار کے آغاز کے بعد تیزی کا رجحان

پاکستانی ثالثی سے ایران امریکا جنگ بندی کے بعد گزشتہ روز بازار حصص میں ریکارڈ تیزی نمایاں رہی تھی

کراچی:

بازار حصص میں آج کاروبار کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا، تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج جمعرات کے روز 3400 پوائنٹس کی بڑی مندی کے ساتھ کاروبار شروع ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر ایک لاکھ 62 ہزار 411 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں مندی میں نسبتاً کمی کے بعد انڈیکس 1410 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ ایک لاکھ 64 ہزار 399 پوائنٹس کی سطح کو پہنچا اور کچھ وقفے کے بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مجموعی طور پر 102 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 65 ہزار 913 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ایران امریکا جنگ بندی کے معاشی اثرات عالمی مارکیٹ پر دیکھے جا رہے ہیں اور اسی تسلسل میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز 12920 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار 594 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا۔

پی ایس ایکس انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز بڑی نوعیت کی تیزی کے باعث کاروباری سرگرمیوں کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری سرگرمیاں بحال  کی گئیں اور مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا رجحان دن بھر برقرار رہا۔

امریکا اور ایران کے درمیان 2 ہفتوں کی مشروط  جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں بڑا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔

تاہم ماہرین کے مطابق قیمتیں اب بھی اس سطح سے زیادہ ہیں جہاں تنازع شروع ہونے سے قبل 28 فروری کو تیل تقریباً 70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔ جنگ بندی کے بعد ایشیا پیسیفک خطے کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

Load Next Story