آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا؛ جنگ بندی کے بعد سپریم لیڈر کا پہلا بیان
ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اب تک منظرعام پر نہیں آئے ہیں تاہم ایک بار پھر ان کا ایک تحریری بیان سرکاری ٹی وی پر پڑھ کر سنایا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں لیکن اپنے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور جنگ میں شہید ہونے والے دیگر ایرانیوں کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران مزاحمتی محاذ کو ایک متحد قوت تصور کرتا ہے جس میں اس کے علاقائی اتحادی بھی شامل ہیں۔
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے انتظام کو نئے مرحلے میں داخل کرے گا تاہم اس حکمت عملی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اس جنگ میں ہونے والے ہر شہید کے خون کا حساب لے گا اور زخمیوں کے لیے مکمل معاوضہ حاصل کرے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں فاتح ایران ہی ہے۔ جس نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو اسرائیلی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے تاہم وہ اب تک منظرعام پر نہیں آئے ہیں۔