لاہور: خاتون پر بہیمانہ تشدد، ذہنی مریضہ قرار دینے کی کوشش ناکام، ملزم شوہر گرفتار
فوٹو: فائل
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو تشدد کا شکار خاتون کی جانب سے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن پر کال موصول ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ شوہر طویل عرصے سے اس پر تشدد کر رہا تھا اور اسے ذہنی مریضہ ثابت کرنے کی کوشش بھی کر رہا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں شوہر نے الزامات کی تردید کی، تاہم خاتون کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو شواہد میں تشدد کی تصدیق ہوگئی۔
ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے خاتون پولیس افسر کو موقع پر روانہ کیا اور متاثرہ خاتون کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔
خاتون پولیس افسر کے ذریعے متاثرہ خاتون اور سیف سٹی کے درمیان ویڈیو کال کروائی گئی، جبکہ سیف سٹی ٹیم نے کیس فوری طور پر اعلیٰ افسران تک پہنچایا اور خاتون کا میڈیکو لیگل بھی کروایا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق متاثرہ خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی 15 پر کال کر کے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے نمائندے سے فوری رابطہ کر سکتی ہیں، جبکہ سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے ویڈیو کال پر بھی شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خواتین کے مکمل تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ادارہ ہمہ وقت پرعزم ہے۔