جنگ کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہونے کے باوجود ایئرلائنز کا پاکستان پر اعتماد
مشرقی وسطی جنگ کے باعث فضائی آپریشن درھم برہم ہوگیا درجنوں یورپین امریکن اور خلیجی ممالک کی ائیر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوا جب کہ سری لنکا، کویت، اوزبکستان سمیت دیگر ممالک نے پاکستان ایوی ایشن انڈسٹری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پروازوں کا آغاز کیا۔
ایک طرف ایران امریکا اسرائیل جنگ نے پاکستان سمیت پوری دنیا کی ائیر لائنز کے نظام کو ہلا کر رکھ دیا تو دوسری طرف انہی سخت ترین حالات میں پاکستان سے تین ممالک نے اپنی نئی پروازوں کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
جب کئی ممالک کے فضائی آپریشن اور فضائی حدود مکمل بند تھی اس وقت بھی پاکستان سے نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ یورپ امریکہ کینیڈا اور دیگر ممالک میں فضائی آپریشن کو بحال رکھا اور ہزاروں لاکھوں مسافروں کو ان مشکلات حالات میں بھی منزل مقصود پر پہنچا یا۔
ایران امریکہ کشیدگی کے باعث دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں مگر انہی حالات میں ازبکستان کویت اور سری لنکا نے اپنی نئی پروازوں کا آغاز کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچانے کے لیے فضائی آپریشن شروع کیا۔
فضائی آپریشن درھم برہم ہو نے اور جیٹ فیول میں کئی گنا اضافے کے باوجود پاکستان سے فضائی آپریشن شروع کرنا پاکستان ایوی ایشن انڈسٹری پر اعتماد کا اظہار ہے۔
سری لنکا سے فٹس ائیر نے کولمبو جبکہ کویت کی جزیرہ ائیر لائن نے کویت اور ازبکستان کی ائیر لائنز نے باکو اور تاشقند کے لیے لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کا آغاز کیا۔
اس میں مرحلہ وار اضافہ کر تے ہوئے اسلام آباد اور کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز رواں ہفتے ہی شروع کر دیا جائے گا۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز کو انٹرنیشنل ایوی ایشن قوانین کے تحت تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
نئی ائیر لائنز کے اپنے آپریشن کے آغاز سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بڑے خوشگوار حالات ہیں حالیہ مشرقی وسطی کشدیگی کے دوران جس طرح ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز کو سہولیات فراہم کی گئی۔
اس کی مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ رواں برس مزید کئی ائیر لائنز اپنا فضائی آپریشن جس میں کارگو بھی شامل ہیں شروع کرنے والی ہیں جو پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔