آئی پی ایل میں ایک اور تنازع، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا

واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، بی سی سی آئی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے ٹیم منیجر رومی بھنڈر کو شوکاز نوٹس دے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رومی بھنڈر رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 10 اپریل کو کھیلے گئے میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرتے نظر آئے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی ایس یو) نے اس معاملے پر اتوار کے روز بھنڈر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 48 گھنٹوں میں جواب طلب کیا ہے۔

قوانین کے مطابق پلیئرز اور ٹیم آفیشلز کو پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا (پی ایم او اے) میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی تاکہ کسی بھی قسم کی مشکوک معلومات کے تبادلے کو روکا جا سکے۔ البتہ مخصوص حالات میں واکی ٹاکی کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق رومی بھنڈر نے ٹورنامنٹ سے قبل اپنی طبی حالت کے باعث موبائل استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی، تاہم ڈگ آؤٹ میں کال کرنا یا وصول کرنا پھر بھی ممنوع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر اسپانسرشپ سے متعلق انتظامی معاملہ دیکھ رہے تھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب رومی بھنڈر موبائل استعمال کررہے تھے تب ان کے برابر میں بیٹھے ویبھاؤ سوریا ونشی بھی ان کی موبائل اسکرین کو دیکھ رہے تھے۔

بی سی سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Load Next Story