کراچی؛ اسکول میں آتشزدگی کے دوران وین جل کر مکمل خاکستر، ڈرائیور زخمی

اسکول میں بچے سوار نہیں تھے، اسکول وین ایک گلی میں کھڑی تھی، پولیس

کراچی:

پاپوش نگر میں اسکول میں آتشزدگی کے دوران اسکول وین مکمل خاکستر ہوگئی، آتشزدگی پرقابو پانے کے دوران اسکول وین کا ڈرائیور معمولی جھلس کر زخمی ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر سیکٹر فائیو سی میں واقع معروف آئسکریم کی شاپ کے قریب گلی میں کھڑی اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

اسکول وین میں آگ بھڑکتے ہی قریب موجود اسکول وین کا ڈرائیور اور علاقہ مکین جمع ہوگئے، اسکول وین میں لگی آگ پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی۔

اسی دوران فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی طلب کر لیا گیا جس پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور فائر بریگیڈ کے عملے نے اسکول وین میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔ اس دوران اسکول وین مکمل خاکستر ہوگئی۔

آتشزدگی کے دوران اسکول وین جلنے سے قریب کھڑی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ آگ پر قابو پانے کے دوران اسکول وین کا ڈائیور بھی معمولی جھلس کر زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق اسکول وین گلی میں کھڑی تھی اور وین میں اسکول کے بچے موجود نہیں تھے، فوری طور پر اسکول وین میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

Load Next Story