ایف پی سی سی آئی نے سول نافرمانی کی تحریک مسترد کردی

تاجر ٹیکس نہ دینے کی اپیل رد کرتے ہیں، اس ہنگامے میں 12 ارب کا نقصان ہو چکا

ایسے بیانات دینے سے گریز اور مفاہمت کی جانب قدم بڑھانا چاہیے، زکریا عثمان فوٹو: فائل

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کو مسترد کردیا ہے۔

اس ضمن میں ایف پی سی سی آئی کے صدر زکریا عثمان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کے اعلان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ٹیکس نہ دینے کی اپیل مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کی چھٹیوں سے لے کر اب تک اس ہنگامے میں تقریباً 12 ارب کا نقصان ہو چکا ہے اور سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے کہ ان حالات میں برآمدات کیسے کی جائیں گی، اگر بجلی کے بل نہ دیے اور بجلی کٹ گئی تو ملازمین کا کیا ہوگا، جو افراد یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں وہ کہاں جائیں گے۔


زکریا عثمان نے کہا کہ عمران خان کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے اور مفاہمت کی جانب قدم بڑھانے چاہیے۔لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق شہر کی تجارتی تنظیموں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سرپرستی میں منعقدہ ایک اجلاس کے موقع پر سول نافرمانی کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اسے معیشت کو تباہ اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ اجلاس میں 20 سے زائد صنعتی اور تجارتی ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کے شرکا نے ایک متفقہ قرار داد بھی پاس کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ سول نافرمانی کی کال دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ یہ قدم غیرملکی تسلط کی صورت میں اٹھایا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں، تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں لہذا احتجاج کرنے اور سول نافرمانی کی کال دینے والی پارٹیاں انتشار پھیلانے کے بجائے افہام و تفہیم سے معاملات حل کریں۔
Load Next Story