سپریم کورٹ کا پی آئی اے کو ملازم کی 24 سال کی پنشن اور مراعات ادا کرنے کا حکم
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی آئی اے کو ملازم کی 24 سال کی پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے سابق ملازم مصطفیٰ انصاری کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
جس پر جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکلی نے کہا کہ ’میرے موکل کو 2002 میں اسکیم کے تحت ریٹائرڈ کیا گیا، جس کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے پنشن اور دیگر مراعات ادا کرنے کا حکم دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود میرے مؤکل کے گزشتہ 24 سال کے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔
جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ کیا ملازم کو پنشن ادا نہ کرنے کا کوئی قانون ہے؟ جس پر سابق ملازم کے وکیل نے کہا کہ سب ملازم پنشن لے رہے ہیں۔
پی آئی اے کے وکیل نے کہا کہ پنشن دینے کے بارے میں ادارے سے ہدایات لینا ہوں گی۔
سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے ملازم کو 24 سال کی پنشن ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے پہلے پنشن ادا نہ ہوئی تو ایم ڈی خود پیش ہوں۔
سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی۔