ٹرمپ کی چین پر 50 فیصد ٹیرف کی دھمکی اب بھی برقرار ہے؟ وائٹ ہاؤس کا مؤقف آگیا
اگر چینی بینکس میں ایرانی رقم موجود ہوئیں تو ان پر پابندی عائد کردیں گے، امریکی وزیر خزانہ
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرلین لیویٹ کی میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین پر 50 فیصد ٹیرف لگانے سے متعلق اہم وضاحت سامنے آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جنپنگ کو ایک خط لکھا تھا جس میں ایران کو ہتھیار فراہم نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
کیرولین لیویٹ نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جنپنگ نے امریکی صدر کے خط کے جواب میں یقین دہانی کرائی ہے کہ چین اس جنگ میں ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے انکشاف کیا کہ امریکا نے دو چینی بینکوں کو باضابطہ خطوط بھیجے ہیں۔
اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ ان خطوط میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے بینک میں کسی اکاؤنٹ میں ایرانی رقم موجود ہونے کے شواہد ملے تو امریکا بینکوں پر پابندیاں عائد کردے گا۔
تاہم امریکی وزیر خزانہ نے نہ تو ان بینکوں کے نام ظاہر کیے اور نہ ہی مالیت کے بارے میں کچھ بتایا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی ہم منصب شی جنپنگ نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ چین اس جنگ میں ایران کی کوئی مدد نہیں کر رہا ہے۔
تاہم چین کی جانب سے صدر ٹرمپ اور پھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے ان بیانات کی تردید یا تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔