فیفا ورلڈکپ: ایران شرکت کرے گا یا نہیں؟ انفینٹینو نے واضح کردیا
فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے باوجود آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔
گیانی انفینٹینو نے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایرانی ٹیم کی شرکت یقینی ہے اور وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے گی۔
انفینٹینو کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ورلڈ کپ تک حالات پرامن ہو جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے کوالیفائی کیا ہے اور کھلاڑی کھیلنے کے خواہشمند ہیں، اس لیے انہیں شرکت کا موقع ملنا چاہیے۔
فیفا کے صدر نے حال ہی میں ترکی کے شہر انطالیہ میں ایرانی ٹیم سے ملاقات بھی کی جہاں انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اسے ایک مضبوط سائیڈ قرار دیا۔
انفینٹینو نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ کھیل کو سیاست سے مکمل طور پر الگ رکھنا ہمیشہ ممکن نہیں لیکن ان کے مطابق فٹبال کا کردار ممالک کے درمیان پل بنانے میں اہم ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے جبکہ ایران کے میچز امریکا کے مختلف شہروں میں شیڈول ہیں۔