امریکا’اسرائیل فرسٹ‘ پالیسی کو ترک کرکے معاہدے کی پاسداری کرے؛ ایران

ایران کا مشرق وسطیٰ کی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ مضبوط اسٹریٹجک تعلق موجود ہے، باقر قالیباف

ایران کیلیے لبنان جنگ بندی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی اپنی جنگ بندی ہے؛ محمد باقر قالیباف

ایران نے ایک بار پھر امریکا کو اسرائیل کا آلہ کار بننے سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فرسٹ کی پالیسی اپنانے کے بجائے معاہدے کی پاسداری کرے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کی ’’سب سے پہلے اسرائیل‘‘ کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

محمد باقر قالیباف نے مطالبہ کیا امریکا ’’اسرائیل فرسٹ‘‘ کی پالیسی کو ترک کرکے اپنے طے شدہ سفارتی وعدوں کی پاسداری کرے جن سے کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔

انھوں نے پراکسی کے الزام پر کہا کہ ایران کا مشرق وسطیٰ کی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ مضبوط اسٹریٹجک تعلق موجود ہے اور دونوں کا جنگ بندی پر مؤقف بھی یکساں ہے۔

بعد ازاں محمد باقر قالیباف نے لبنانی پارلیمنٹ کی اسپیکر سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی اور کہا کہ لبنان میں جنگ بندی ایران کے لیے اتنی ہی اہم ہے جتنی خود ایران کی جنگ بندی ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران اور اس کے بعد بھی ایران نے دشمن ممالک کو مستقل جنگ بندی پر مجبور کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی جاری ہے جس میں امریکا حملے بند جب کہ ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا۔

 

 

Load Next Story