کراچی: رینجرز نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا
فوٹو: فائل
رینجرز نے ریڑھی گوٹھ اور منگھوپیر میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرزنے ریڑھی گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث "برمی گینگ" سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور 2 موبائل فونز برآمد کرلیے۔
گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم اصغر علی نے انکشاف کیا کہ وہ گینگ کے دیگر ممبران کو ڈکیتیوں کے لئے اسلحہ بھی فراہم کرتا تھا اور چوری شدہ موٹرسائیکل سستے دام خریدتا تھا۔
رینجرز نے منگھوپیر میں کارروائی کرتے ہوئے ''بِلا گینگ'' کے 2 ملزمان بلال عرف بلا (گینگ کا سرغنہ) ولد علی حیدر اور حمزہ ولد شاہ محمود کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک غیرقانونی پستول اور 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں خصوصاً صدر، ناظم آباد، منگھوپیر، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور موبائل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمع اسلحہ اور برآمدشدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ انکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کار لفٹنگ میں ملوث چار رُکنی گینگ گرفتار
دوسری جانب تھانہ گلشنِ اقبال پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کار لفٹنگ میں ملوث چار رُکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے سرقہ شدہ کار، موٹرسائیکل، لیپ ٹاپ، متعدد موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق برآمدہ کار BHX-189 گلشنِ اقبال بلاک 07 میں واقع ریسٹورنٹ کی پارکنگ سے سرقہ کی گئی تھی۔ کار کی چوری کا مقدمہ تھانہ گلشنِ اقبال میں درج ہے۔