ایران کا تمام ممالک کے تجارتی جہازوں کیلیے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان

اسرائیل اور امریکا کے درمیان 2 ہفتوں کی جنگ بندی میں ایک شرط آبنائے ہرمز کا کھولنا تھا

ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھول رہے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعلان اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے تناظر میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کیا۔

جس میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران تمام کمرشل بحری جہاز ایران کی جانب سے مقرر کردہ مربوط (کوآرڈی نیٹڈ) روٹ کے ذریعے گزر سکیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ یہ روٹس پہلے ہی ایران کی پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کی جانب سے جاری کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا اختتام 22 اپریل کو ہوگا۔ اب دیکھنا ہے کہ اس تاریخ کے بعد ایران دوبارہ آبنائے ہرمز بند کردیتا ہے یا اس سے قبل کوئی حتمی معاہدہ طے پاجاتا ہے۔

Load Next Story