جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ؛ امریکا میں سستی ایئرلائنز کا حکومت سے بڑا مطالبہ
سستی ایئرلائنز نے ٹیکسوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے
امریکا میں کم لاگت ایئرلائنز نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے حکومت سے عارضی ٹیکس ریلیف کا مطالبہ کر دیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سستی ایئرلائنز کے سربراہان کل امریکی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کریں گے جس میں فضائی صنعت کو درپیش مالی دباؤ پر بات چیت کی جائے گی۔
ایئرلائنز کا مؤقف ہے کہ ایران کے ساتھ جنگی صورتحال کے باعث جیٹ فیول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے ان کے آپریشنل اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
اس حوالے سے نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف ویلیو ایئرلائنز نے گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس کو خط لکھا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فضائی ٹکٹوں پر عائد 7.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ٹیکس اور فی پرواز سیگمنٹ 5.30 ڈالر فیس کو عارضی طور پر معطل کیا جائے۔
متاثرہ ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ اگر یہ ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات کا تقریباً ایک تہائی بوجھ کم کیا جا سکتا ہے جس سے مسافروں کے لیے ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافے کو روکا جاسکے گا۔