کراچی؛ ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار
ڈالمیا قبرستان کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے کے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پولیس نے ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے موجودگی کی اطلاع پر ڈالمیا قبرستان کے قریب چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم جمال ولد عالم شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ملزم جمال 21 اپریل بروز منگل گلستان جوہر بلاک 20 جوہر موڑ کے قریب موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ شہری محمد اسلم کو قتل کرنے کی واردات میں ملوث نکلا۔
انہوں نے بتایا کہ شہری محمد اسلم کے قتل کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں مقتول کے کزن کی مدعیت میں درج ہے، پولیس شہری محمد اسلم کے قتل میں ملوث مفرر دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے اور امید ہے کہ پولیس جلد ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔