پنڈی میں 9 اور 17 سالہ بھائی بہن چار دن سے تاحال لاپتا

بچے اسکول جاتے ہوئے لاپتا ہوئے، والد، بچی کے پاس موبائل ہے اور وہ لوکیشن بار بار تبدیل کررہی ہے، پولیس

راولپنڈی:

تھانہ گوجرخان کے علاقے للیانی راجگان سے 9 اور 17 سالہ بھائی بہن پراسرار حالات میں لاپتہ ہوگئے جن کا چار دن گزرنے کے باوجود سراغ نہ لگایا جاسکا۔

پولیس کے مطابق بچوں کے والد نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ 13 سال سے سعودی عرب میں ڈرائیوری کررہا ہوں اور کچھ عرصے قبل ہی چھٹی پر گھر آیا ہوں،17 سالہ بیٹی اور 9 سالہ بیٹا سٹی پیلس گوجر خان کے قریب نجی اسکول میں زیر تعلیم ہیں 20 اپریل کو دونوں حسب معمول اسکول کے لیے پیدل روانہ ہوئے لیکن چھٹی کے بعد واپس نہ پہنچے۔

والد کے مطابق اسکول انتظامیہ سے رابطہ کیا تو پتا چلا بچے اسکول پہنچے ہی نہیں، مختلف جگہوں پر تلاش کیا لیکن کچھ پتا نہ چل سکا قوی شبہ ہے کہ میری بیٹی اور بیٹے کو کسی نے اغوا کیا ہے، بیٹی کے پاس موبائل فون بھی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے، لڑکی موبائل فون میں واٹس ایپ استعمال کررہی ہے اور لوکیشن بار بار تبدیل کررہی ہے، اسلام آباد بری امام کے مقام پر بنی تصویر بھی اپ لوڈ کی گئی، پولیس وہاں پہنچی تو سراغ نہ مل سکا، دونوں کی تلاش جاری ہے جلد  سراغ لگالیا جائے گا۔

Load Next Story