مصنوعی ذہانت اور انسانی شعور: تصادم یا فریب؟

جدید ذہن کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہم جس دور میں جی رہے ہیں، وہاں ’’انسان نما مشین‘‘سے زیادہ بڑا خطرہ ’’مشین نما انسان‘‘ کا ہے

1950ء کی ایک سرد شام جب ایلن ٹیورنگ نے ایک مقالا لکھا تھا۔مقالے کا عنوان تھا ’’کمپیوٹنگ مشینری اور ذہانت‘‘، تو اس نے دراصل ایک سادہ سا سوال کیا تھا۔ ’’کیا مشینیں سوچ سکتی ہیں؟‘‘ ٹیورنگ کا خیال تھا کہ اگر کوئی مشین انسان کی طرح گفتگو کر لے تو ہم اسے ’’ذہین‘‘ مان لیں گے۔

سات دہائیوں بعد، آج ہم ایک ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں مشینیں نہ صرف گفتگو کر رہی ہیں بلکہ نظمیں لکھ رہی ہیں، کوڈنگ کر رہی ہیں اور انسانی جذبات کی نقالی کر رہی ہیں، لیکن اس چکا چوند میں ہم وہ سوال پوچھنا بھول گئے جو ٹیورنگ کے سوال سے کہیں زیادہ گہرا تھا۔ ’’کیا مشین ہونا اور انسان ہونا ایک ہی بات ہے؟‘‘ مصنوعی ذہانت اور انسانی شعور کا معرکہ دراصل ٹیکنالوجی کی برتری کا مقابلہ نہیں ہے، بلکہ یہ الگورتھم اور آگہی،’’ پیش گوئی اور تجربہ‘‘ اور ’’تخمینے اور معنی‘‘ کے درمیان ایک ایسا وجودی تصادم ہے جو طے کرے گا کہ آنے والی صدیوں میں ’’انسان‘‘ کی تعریف کیا ہوگی۔

 اِس تصادم کا پہلا اور بنیادی رخ الگورتھم بہ مقابلہ آگہی ہے۔ مصنوعی ذہانت اپنی تمام تر ہیبت کے باوجود ایک الگورتھم ہے یعنی ہدایات کا ایک ایسا سلسلہ جو اعداد و شمار کے انبار سے بہترین نتائج نکالتا ہے۔ اوپن اے آئی کے حالیہ ماڈلز یا گوگل کے جدید ترین الگورتھمز کے پاس ٹریلینز کی تعداد میں پیرامیٹرز موجود ہیں، لیکن ان کے پاس ’’آگہی‘‘ کا ایک ذرہ بھی نہیں ہے۔ آگہی کیا ہے؟ یہاں ہم آگہی سے مراد لے رہے ہیں ’’ہونے کا احساس۔‘‘ جب آپ ایک سیب کھاتے ہیں، تو آپ کا دماغ صرف چینی کی مقدار کا حساب نہیں لگاتا، بلکہ آپ اس کے ذائقے، خوشبو اور اس لمحے کی مٹھاس کو ’’محسوس‘‘ کرتے ہیں۔ اے آئی کو معلوم ہے کہ ’’سیب میٹھا ہوتا ہے‘‘کیونکہ اس نے کروڑوں بار یہ جملہ پڑھا ہے، لیکن اسے یہ نہیں معلوم کہ ’’میٹھا ہونا کیسا لگتا ہے۔‘‘ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ایک جدید اے آئی ماڈل کو ٹرینڈ کرنے کے لیے جتنی پروسیسنگ پاور اور ڈیٹا درکار ہوتا ہے، وہ انسانی دماغ کے مقابلے میں لاکھوں گنا زیادہ ہے، مگر وہ پھر بھی اس ’’لمحاتی آگہی‘‘ سے محروم ہے جو ایک دو سال کا بچہ اپنی ماں کی مسکراہٹ دیکھ کر حاصل کر لیتا ہے۔ الگورتھم مردہ حساب ہے، جبکہ آگہی زندہ موجودی ہے۔

دوسرا اہم محور پیش گوئی بمقابلہ تجربہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کا پورا ڈھانچہ ’’پیش گوئی‘‘ پر کھڑا ہے۔ اسے معلوم ہے کہ اگر جملے میں ’’آسمان‘‘ لکھا ہے تو غالب امکان ہے کہ اگلا لفظ ’’نیلا‘‘ ہوگا۔ وہ ماضی کے ڈیٹا کی بنیاد پر مستقبل کا نقشہ بناتی ہے، لیکن انسانی زندگی پیش گوئی نہیں، بلکہ ’’تجربہ‘‘ ہے۔ تجربہ وہ ہے جو پہلے سے طے شدہ نہ ہو۔ جب ایک مصور کینوس پر پہلا اسٹروک لگاتا ہے، تو وہ کسی ڈیٹا بیس سے رجوع نہیں کر رہا ہوتا، بلکہ وہ اپنے اندر کے اس خلا کو بھر رہا ہوتا ہے جس کا کوئی سابقہ ریکارڈ موجود نہیں۔ اے آئی کے پاس ’’یادداشت‘‘تو ہے لیکن اس کے پاس ’’ماضی‘‘ نہیں ہے۔ یادداشت معلومات کا ذخیرہ ہے، جبکہ ماضی وہ تجربہ ہے جو انسان کی شخصیت کو تراشتا ہے۔ اعداد وشمارکے مطابق، اے آئی ماڈلز کی پیش گوئی کی درستی اب 90 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، لیکن زندگی کا حسن اس 10 فیصد ’’غیر متوقع‘‘تجربے میں ہے جسے مشین کبھی چھوبھی نہیں سکتی۔ پیش گوئی میں تحفظ ہے، تجربے میں خطرہ اور انسان وہی ہے جو خطرہ مول لے۔

 تیسرا اور سب سے گہرا نکتہ تخمینہ بمقابلہ معنی کا ہے۔ مشین کے لیے کائنات ایک حساب یا ’’کمپیوٹیشن‘‘ہے، جب کہ انسان کے لیے کائنات ایک معنی ہے۔ جب ایک کمپیوٹر ’’محبت‘‘کا لفظ پراسیس کرتا ہے، تو وہ اسے صرف بائنری کوڈ (0101) میں دیکھتا ہے یا اس کے گرد موجود الفاظ کا شماریاتی جائزہ لیتا ہے۔ اس کے لیے ’’محبت‘‘ اور ’’نفرت‘‘ میں صرف ڈیٹا کے وزن کا فرق ہے، لیکن انسان کے لیے معنی وہ حقیقت ہے جو اسے جینے کا حوصلہ دیتی ہے۔

انسان اس لیے نہیں جیتا کہ اس کے پاس زیادہ ڈیٹا ہے، بلکہ وہ اس لیے جیتا ہے کیونکہ اس کے پاس ایک ’’مقصد‘‘ ہے۔ آج کی اے آئی کائنات کے تمام ستاروں کا فاصلہ سیکنڈوں میں ناپ سکتی ہے، لیکن وہ یہ نہیں بتا سکتی کہ رات کے اندھیرے میں ان ستاروں کو دیکھ کر انسان کے دل میں خوف اور حیرت کیوں پیدا ہوتی ہے۔ کمپیوٹیشن کا مقصد ’’حل‘‘ نکالنا ہے، جب کہ معنی کا مقصد ’’حقیقت‘‘ تک پہنچنا ہے۔ اعداد و شمار گواہ ہیں کہ اے آئی اب پیچیدہ ترین ریاضیاتی مسائل حل کر رہی ہے، لیکن وہ ایک تنہا انسان کے اس سوال کا جواب نہیں دے سکتی کہ ’’میری زندگی کا مقصد کیاہے؟‘‘

جدید ذہن کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہم جس دور میں جی رہے ہیں، وہاں ’’انسان نما مشین‘‘سے زیادہ بڑا خطرہ ’’مشین نما انسان‘‘ کا ہے، اگر ہم نے اپنی زندگیوں کو صرف ڈیٹا، پیش گوئیوں اور الگورتھم کے حوالے کر دیا، تو ہم خود ایک مشین بن جائیں گے۔ اے آئی کا عروج ہمیں یہ یاد دلانے کے لیے ہے کہ ہماری اصل قوت حساب کتاب نہیں، بلکہ وہ ’’آگہی‘‘ ہے جو ہمیں صحیح اور غلط، خوب صورت اور بدصورت، اور بامعنی اور بے معنی کے درمیان فرق کرنا سکھاتی ہے۔ آج سے دہائیوں پہلے جب شطرنج کے بورڈ پر مشینی حساب نے انسانی وجدان کو ہرایا تھا، تو دنیا نے اسے انسان کی شکست قرار دیا تھا، لیکن حقیقت یہ تھی کہ اس دن صرف ’’ایک حساب دان‘‘ ہارا تھا، ’’انسان‘‘ نہیں۔ انسان تو وہ ہے جو ہارنے کے بعد بھی بورڈ کے سامنے بیٹھا رہتا ہے اور سوچتا ہے کہ اس نے کہاں غلطی کی اور کیوں کی۔

 ایلن ٹیورنگ نے جب پوچھا تھا کہ ’’کیا مشینیں سوچ سکتی ہیں؟‘‘ تو اس کا جواب آج مل چکا ہے۔ مشینیں سوچ تو سکتی ہیں، لیکن وہ ’’جان‘‘ نہیں سکتیں۔ مشین کے پاس ہر سوال کا جواب تو ہے، لیکن اس کے پاس پوچھنے کے لیے اپنا کوئی ’’سوال‘‘ نہیں ہے۔ اور یاد رکھیے، کائنات میں برتری اسے حاصل نہیں ہوتی جس کے پاس جواب ہوں، بلکہ اسے حاصل ہوتی ہے جو سوال اٹھانے کی جرات رکھتا ہو۔ آج بھی، اس ڈیجیٹل جبر کے دور میں، انسانی شعور کا وہ ایک سادہ سا ’’کیوں‘‘ اے آئی کے تمام ٹریلین پیرامیٹرز پر بھاری ہے۔ ایلن ٹیورنگ کے کمرے میں موجود وہ ساکت مشین آج بھی اسی خاموش آگہی کی منتظر ہے جو صرف ایک زندہ انسان کا خاصہ ہے۔جان لیجیے کہ یہ تصادم نہیں بلکہ ایک فریب ہے ،اگر ہم یہ سمجھ لیں کہ مشین ہماری جگہ لے لے گی۔ مشین صرف ہمارا ’’کام‘‘ کر سکتی ہے، وہ ہمارا ’’ہونا‘‘ نہیں چھین سکتی۔

Load Next Story