کراچی؛ گلی میں کھڑے نوجوانوں کو لوٹ لیا گیا، شہری کی الیکٹرک موٹر سائیکل بھی چوری

ملزم الیکٹرک موٹر سائیکل کو اسٹارٹ کرنے میں ناکام ہوا جس پر ملزم موٹر سائیکل پیدل ہی لے کر فرار ہوگیا

کراچی:

حسین آباد میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر گلی میں کھڑے نوجوانوں کو لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آگئی، ادھر فیڈرل بی ایریا بلاک 19 النور سوسائٹی میں گھر کے باہر سے شہری کی الیکٹرک موٹر سائیکل چوری کر لی گئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھم نہ سکیں، عزیز آباد تھانے کے علاقے حسین آباد کی گلی میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے گلی میں کھڑے 5 نوجوانوں کو لوٹ لیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان گلی میں کھڑے نوجوانوں کے قریب آکر رکتے ہیں، موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ملزم اسلحہ نکال کر نوجوانوں کی جانب بڑھا اور دوسرا موٹر سائیکل سمیت نوجوانوں کے پاس آگیا۔ موٹر سائیکل چلانے والے نے ہیلمٹ اور دوسرے نے کیپ پہن رکھی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نوجوانوں نے نظر بچا کر اپنا موبائل فون زمین پر پھینک دیا، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر نوجوانوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی جبکہ واردات کے دوران گلی میں چہل پہل بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کے جاتے ہی دونوں نوجوانوں نے اپنے موبائل فون زمین سے اٹھا لیے۔

ادھر سمن آباد تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 19 النور سوسائٹی میں گھر کے باہر سے شہری کی الیکٹرک موٹر سائیکل چوری کر لی گئی، 20 اپریل کو الیکٹرک موٹر سائیکل چوری کرنے کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم الیکٹرک موٹر سائیکل کو اسٹارٹ کرنے میں ناکام ہوا جس پر ملزم موٹر سائیکل پیدل ہی لے کر فرار ہوگیا۔ فوٹیج میں موٹر سائیکل چوری کرنے والے ملزم کا چہرہ واضح ہے جسے آسانی سے شناخت کیا جا سکتا ہے۔

Load Next Story