کراچی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث چار رکنی ڈکیٹ گروہ گرفتار، 50 سے زائد وارداتوں کا انکشاف
شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے چار رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ایسٹ زون کے تھانہ سچل کی پولیس نے دورانِ گشت شیر خان گوٹھ کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون اور نقدی چھیننے میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد شہروز، شہزاد حسین، صدیق رشید اور وسیم بہار شامل ہیں جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، شہریوں سے چھینے گئے متعدد موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے، سچل اور اطراف کے علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش 50 سے زائد موبائل فونز چھیننے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے دو روز قبل سمیرا چوک کے قریب ایک شہری انیس سے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھیننے کی واردات بھی کی تھی جس کا مقدمہ نمبر 699/26 بجرم دفعہ 397/34 تعزیراتِ پاکستان متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ مزید انکشافات کی توقع ہے۔