پی ایس ایل: ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز آج ہوگا، کس طرح حاصل کیے جاسکیں گے؟
پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ آج شام 4 بجے سے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی نشستیں بک کر سکیں گے۔
فزیکل ٹکٹوں کی دستیابی 28 اپریل بروز منگل کو صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ سینٹرز پر یقینی بنائی جائے گی۔
ٹکٹوں کی قیمتیں 1500 روپے سے 12000 روپے کے درمیان رکھی گئی ہیں۔ کمپلیمنٹری ٹکٹوں کی کیٹیگری مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
پی ایس ایل کا فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ شائقین میں لیگ کے اس بڑے مقابلے کے حوالے سے پہلے ہی غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
کرکٹ فینز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ میچ کے روز قذافی اسٹیڈیم میں شام 6 بج کر 30 منٹ تک پہنچ جائیں تاکہ وہ فائنل سے قبل منعقد ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔
وی وی آئی پی انکلوژر (وقار یونس) کی نشستیں 8 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی جبکہ جناح اینڈ پر واقع ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ 10 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔
اسی طرح پی سی بی گیلری کے ٹکٹ سب سے مہنگے یعنی 12 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔
وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان)کے ٹکٹ 6 ہزار روپے کے رکھے گئے ہیں جبکہ پریمیم انکلوژرز (راجہ اور سعید انور) کے لیے 4 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
فرسٹ کلاس انکلوژرز جن میں عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز شامل ہیں، ان سب کے ٹکٹ 2 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
مزید برآں حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق کے جنرل انکلوژرزکے ٹکٹ کم از کم 1500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
HBL PSL 11 Final tickets to go on sale from Monday
Details here ➡️ https://t.co/W8ARNwagqk#NewEra | #HBLPSL11 pic.twitter.com/HMhAIbb1pq— PCB Media (@TheRealPCBMedia) April 26, 2026
پی سی بی کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کا یہ مرحلہ نہ صرف فائنل کے لیے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھائے گا بلکہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال کرنے کی جانب ایک مثبت قدم بھی ثابت ہوگا۔