کراچی: جعلی ویزا پر ملائیشیا جانے کی کوشش ناکام، بونیر کے دو نوجوان گرفتار
ایف آئی اے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملے نے کارروائی کے دوران دو مسافروں کو آف لوڈ کیا، مسافروں احسان اور انور علی (سکنہ بونیر) جعلی سفری ریکارڈ کے بل بوتے پر ملائیشیا جانے کے لیے وزٹ ویزا پرروانہ ہورہے تھے۔
جانچ پڑتال کے دوران پاسپورٹس پر ملائیشیا، عمان اور کراچی کے مشتبہ امیگریشن اسٹیمپس پائے گئے، دوران تفتیش مسافروں نے ایجنٹس کے ذریعے جعلی اسٹیمپس حاصل کرنے کا اعتراف کیا، اسٹیمپس میں فونٹ، اسپیسنگ، سیکیورٹی فیچرز اور دیگرتکنیکی خامیاں پائی گئیں۔
آئی بی ایم ایس ویری فکیشن کے دوران کسی قسم کی سفری ہسٹری موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوئی، دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا۔